۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
کانفرنس

حوزہ/ مولانا اسلم رضوی: بقیع آرگنائزیشن کی تحریک ایک دن ضرور کامیاب ہوگی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ممبئی/البقیع آرگنائزیشن شکاگو امریکہ کی جانب سے دنیا کے مختلف ممالک میں فعال و سرگرم شیعہ صحافیوں کی ایک اہم و تاریخی کانفرنس مفسر قران عالی جناب مولانا سید محبوب مہدی عابدی نجفی کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔

مولانا موصوف نے امام محمد باقر علیہ السلام کی شہادت پر عالم اسلام کو تسلیت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ آج کی یہ کانفرنس اس لیے تاریخی ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک سے علوم اھلبیت علیھم السلام کو پھیلانے والوں کی اہم ٹیم اس پینل میں شامل ہے ۔

مولانا محبوب مہدی عابدی نے میڈیا کے پاور کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمارے صحافی حضرات جو پیغام الٰہی لوگوں تک پہنچا رہے ہیں اصل میں یہ لوگ انبیا علیہم السلام کی پیروی کر رہے ہیں کیوں کہ خبر کو عربی میں نبا کہتے ہیں اور اسی سے نبی نکلا ہے ۔ بس ضرورت اس بات کی ہے کہ صحافی حضرات مظلوم کا ساتھ دیں چاہے وہ مسلمان بھی نہ ہو اور ظالم کی مخالفت کریں چاہے وہ ظاہراً مسلمان ہی کیوں نہ ہو ۔

کینیڈا سے حیدر ٹی وی کے روح رواں اور شاعر اہلبیت جناب ظفر عباس ظفر نے مدفون بقیع حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی شہادت پر نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ علم قرآن کی تفسیر امام باقر :- اپنے اجداد کی تصویر امام باقر :- آپ کے در پہ جو آتا ہے وہ ہو جاتا ہے پاک:- آپ ہیں آیہ تطہیر امام باقر :- میری قسمت میں بقیہ کی زیارت لکھ دیں:- اے مرے کاتب تقدیر امام باقر

لکھنو سے روزنامہ صحافت کے بزرگ و معروف مدیر جناب امان عباس نے اس موضوع پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ بقیع کی تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ایک مضبوط چینل قائم کیا جائے اور اس کے ذریعے سعودی حکومت پر دباؤ ڈالا جائے اگر ایسا ہو گیا تو بہت جلد کامیابی حاصل ہو جائے گی ۔

محترم امان عباس نے البقیع آرگنائزیشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام علما کو مولانا محبوب مہدی صاحب کی طرح اس مسئلے میں آگے آنا ہوگا ۔

کینیڈا سے شیعہ ملٹی میڈیا کے ذمّے دار جناب محمد عباس کربلائی نے اپنے مختصر مگر جامع بیان میں فرمایا کہ بقیع کی تحریک سے ہمارا ادارہ برسوں سے جڑا ہوا ہے ہماری تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ اس تحریک کو سال بھر جاری رکھیں اور سوشل میڈیا پر اس موضوع پر مختلف مطالب اپلوڈ کرتے رہیں ۔

شہر حیدرآباد دکن سے سفیر ٹی وی کے منتظم جناب سید مجتبیٰ زیدی نے فرمایا کہ آج کا زمانہ میڈیا کا ہے چاہے وہ پرنٹ ہو، الکٹرانک ہو یا سوشل میڈیا ہو اس کے ذریعے ہم برادران اہلسنت کو اپنی تحریک میں شامل کر سکتے ہیں ۔

حیدرآباد دکن ہی سے ایک سینیر صحافی اور مشہور شخصیت جناب سید جعفر حسین نے اپنی پر مغز تقریر میں فرمایا کہ جنت البقیع کے لیے البقیع آرگنائزیشن نے جو اقدامات کیے ہیں اس کی کامیابی کے لیے ہم دعا کرتے ہیں آپ نے فرمایا کہ جس طرح ہمیں اپنے والدین کی قبروں کی فکر ہوتی ہے اس سے زیادہ بقیع میں معصومین کی شکستہ قبروں کی فکر ہونی چاہیے ۔

زینبیہ نیوز ممبئی کی بہترین نمائندگی کرتے ہوئے جناب طاؤس رضوی نے اپنی دلکش تقریر میں فرمایا کہ بقیع کی تعمیر کے لیے ایسے پروگرام بار بار ہونا چاہیے اس تحریک کو کامیابی اسی وقت ملے گی جب سب مل کر کوشش کریں گے ۔

این ڈی ٹی وی کے فعال و بیباک جرنلسٹ جناب علی عباس نقوی نے فرمایا کہ ہم نے جنت البقیع پر ایک رپورٹ تیار کی اور اسے سوشل میڈیا پر اپلوڈ کیا تو ایک بڑی تعداد نے اسے دیکھا میری گزارش تمام لوگوں سے ہے کہ اس موضوع پر ویڈیو بنا کر مسلسل سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتے رہیں ۔

حوزہ نیوز ایجنسی قم ایران سے مولانا سید محمود حسن رضوی نے مکہ مکرمہ سے اس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اس زمانے میں سوشل میڈیا کی ضرورت اور اس کی طاقت کو سب نے محسوس کرلیا ہے رہبر انقلاب اسلامی نے بھی سوشل میڈیا کی اہمیت کو بارہا بیان کیا ہے ہمارے علما جنہوں نے خود کو زمان ومکان سے محدود نہیں کیا ہے انہیں بھی سوشل میڈیا کا استعمال کرنا چاہیے ۔

خدیجہ ٹی وی کے نمائندے جناب اطہر کاظمی نے فرمایا کہ جنت البقیع کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا ہم نے بقیع کے موضوع پر تین سال تک مسلسل خدیجہ ٹی وی پر پروگرامس پیش کیے اس کا فائدہ یہ ہوا کہ غیر شیعہ حضرات نے جب یہ پروگرامس دیکھے تو انہیں بھی بقیع کی مظلومیت سے آگاہی ہوئی ۔

شہر ممبئی سے ایس این این چینل کے ایڈیٹر ان چیف جناب مولانا علی عباس وفا نے نہایت خوبصورت تقریر کرتے ہوئے فرمایا کہ دنیا کے مختلف حصوں سے معتبر شیعہ صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے پر مولانا محبوب مہدی عابدی ، مولانا اسلم رضوی اور بقیع آرگنائزیشن شکاگو امریکہ کی پوری ٹیم کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ بقیع ہماری رگوں میں ہے ہماری پوری زندگی اس کے لیے وقف ہے تقریباً چار سال پہلے واٹس ایپ ڈی پی پر بقیع سے مربوط جو تصویر ہم نے لگائی تھی وہ آج بھی موجود ہے ۔

مولانا اسلم رضوی نے اس اہم اور تاریخی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زوم کے ذریعے البقیع آرگنائزیشن کی جانب سے دنیائے تشیع کے اہم صحافیوں کی یہ پہلی میٹنگ ہے اور یہ سلسلہ اسی طرح سے قائم رہے گا بقیع کے ساتھ دیگر اہم مسائل پر غور و خوض کرنے کے لیے ایسی کانفرنس ہوتی رہیں گی اور انشاءاللہ مستقبل قریب میں صحافیوں کا یہ اتحاد و اجتماع بہت سے قوم کے الجھے مسائل کو حل کرے گا اس لیے یہ کانفرنس ہمارے لیے بیحد مفید ثابت ہوگی ۔

یہ پروگرام ایس این این چینل ، حیدر ٹی وی کینیڈا ، سفیر ٹی وی حیدرآباد ۔۔۔ سے براہ راست نشر کیا گیا ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .